سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے جس میں گلین فلپس 106 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور بڑا ہدف دینے میں اہم کر دار ادا کیا ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ اور راچن رویندرا نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے ول ینگ 4 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے ، دوسرے نمبر پر آنے والے راچن رویندرا 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
کین ولیمسن 58 ، ڈیرل مچل 81 رنز کی شاندار اننگ کھیلی ۔ ان کے علاوہ ٹام لتھام صفر جبکہ مچل بریس ویل نے 31 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 ، ابرار احمد نے 2 جبکہ حارث روف نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
جواب میں قومی ٹیم 47.5 اوورز میں 252 پر آؤٹ ہوگئی اور 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر فخر زمان 84 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے جبکہ سلمان آغا نے 40 اور طیب طاہر نے 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم 10، کپتان محمد رضوان محض 3، کامران غلام 18، خوشدل شاہ 15، شاہین شاہ آفریدی 10، نسیم شاہ 13 اور ابرار احمد نے ناقابل شکست 23 رنز کی اننگ کھیلی۔
حارث رؤف انجری کے باعث بیٹنگ کے لئے نہ آسکے۔
کیویز کی جانب سے میٹ ہینری اور مچل سینٹنر نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔