شوبز انڈسٹری کی دیگر شخصیات کی طرح مقبول اداکارہ انمول بلوچ کی بھی رواں برس شادی ہونے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
اداکارہ ماورا حسین اور امیر گیلانی چند روز قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، جبکہ ان سے قبل شہریار منور اور ماہین صدیقی نے شادی کی تھی جبکہ کبریٰ خان اور گوہر رشید بھی جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔
اب مقبول اداکارہ انمول بلوچ کے بھی رواں برس کے وسط تک شادی کے بندھن میں بندھنے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
شوبز ویب سائٹ ’’دی کرنٹ‘‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ انمول بلوچ رواں برس ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی۔
رپورٹ میں معروف اداکارہ کی شادی سے متعلق کوئی طے شدہ وقت نہیں بتایا گیا، تاہم امکان ہے کہ انمول بلوچ رواں سال 2025ء کے وسط تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انمول بلوچ کے دولہا کا تعلق شوبز سے نہیں بلکہ ان کا دولہا ایک کاروباری شخصیت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انمول بلوچ اعلیٰ حکومتی عہدوں پر تعینات رہنے والے معروف صنعتکار کے بیٹے سے شادی کرنے جارہی ہیں۔
کہا جارہا ہے ان کے دولہا کا نام عمیر بیگ ہے جو سابق وزیر اور بزنس مین کے بیٹے اور معروف بزنس گروپ ’’بیگ گروپ‘‘ کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔
انمول بلوچ کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد متعدد شوبز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز نے بھی اس حوالے سے خبریں شائع کی ہیں، تاہم کسی نے بھی ان کے دولہا سے متعلق حتمی نام نہیں بتایا۔