حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دو ٹوک الفاظ میں مذاکرات سے متعلق واضح کیا کہ ہم نے کبھی دروازے بند نہیں کئے، مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں ہوئی۔
مسلم لیگ ن حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کردی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں ہوئی، ہم نے کبھی بھی مذاکرات کیلئے دروازے بند نہیں کئے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر سے منظوری آجائے پھر وہ ہمارے پاس آجائیں گے، بانی پی ٹی آئی ایک سخت آدمی ہیں، تحریک انصاف والے آج بھی رابطے میں ہیں، رابطے منقطع نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان 28 جنوری کو مذاکرات کا دور ہونا تھا تاہم پارلیمانی کمیٹی نہ بنانے پر عمران خان نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔