شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران 12 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر حسن خیل میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران 12 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ لانس نائیک محمد ابراہیم شہید ہوگئے جن کا تعلق ضلع ہنگو سے ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ وہ سیکیورٹی فورسز کیخلاف کئی کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔