آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مودی سرکار کو سخت پیغام دے دیا، کہا کہ کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑی ہیں، 10 اور لڑنی پڑیں تو لڑیں گے، بلاشبہ کشمیر ایک دن آزاد ہوگا، مقبوضہ وادی کشمیریوں کی مرضی کے مطابق پاکستان کا حصہ بنے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دیا جائے گا، کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے، کشمیر بنے گا پاکستان، ہم متحد اور مضبوط رہیں تو ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں، کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام نے کرنا ہے نہ کہ غاصب فوج نے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مظفر آباد آزاد کشمیر کا دورہ کیا، فوجی افسروں اور جوانوں سے بھی ملے، جنگی تیاریوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بھارتی ریاستی ظلم و ستم کیخلاف کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، بلا شبہ کشمیر ایک دن آزاد ہوگا، کشمیر ایک دن کشمیریوں کی مرضی کے مطابق پاکستان کا حصہ ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، جنرل سید عاصم منیر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف نے افسروں، سپاہیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی۔
آرمی چیف عاصم منیرنے مظفرآباد دورے کے دوران کشمیری عمائدین سے خطاب کیا اور کہا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دیا جائے گا، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے، کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ آزادی کی شمع کشمیریوں کی ایک نسل دوسری نسل کے حوالے کرتی آرہی ہے، اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں تو ہم ہر مشکل کا سامنا کرسکتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے کشمیر کی سرزمین کو قدرتی حسن اور وسائل سے نوازا ہے۔ بھارت کو خبردار کیا کہ تم کچھ عرصہ مقبوضہ کشمیر میں زیادتی کرسکتے ہو، مگر ہمیشہ کیلئے نہیں، کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام نے کرنا ہے، نہ کہ کِسی غاصب فوج نے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑی ہیں، دس اور لڑنی پڑیں تو انشاء اللّٰہ لڑیں گے۔ جنرل عاصم منیر نے خطاب کے دوران قائداعظم کا فرمان بھی دہرایا، بولے قائداعظم نے کہا ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، شہ رگ کاٹنے کا مطلب زندگی کا خاتمہ ہے، مسلمان کبھی دشمن کی تعداد یا ہتھیاروں سے مرعوب نہیں ہوتا، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیلِ اللہ کی بنیاد پر اللّٰہ کا گروہ ہی ہمیشہ غالب رہے گا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات بہتر اور نوجوانوں کیلئے آئی ٹی میں روزگار پیدا کریں گے۔
اس موقع پر کشمیری معززین نے کہا کہ پاک فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال فلسطین سے بھی بدتر ہوتا، پاک فوج اور کشمیری عوام کا اٹوٹ رشتہ ہے، ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ جڑے ہیں اور جڑے رہیں گے، پاکستان سے بڑھ کر کشمیر کا کوئی ترجمان نہیں ہوسکتا۔