وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر پر آگئی، جنوری میں شرح 2.4 فیصد ماہانہ پر آگئی۔ انہوں نے رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کا اعلان کردیا، کہا گزشتہ سال یوٹیلیٹی اسٹورز کے معاملات میں بہت شکایات ملی تھیں، صوبوں کی جانب سے زرعی ٹیکس کے نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مہنگائی کی شرح نو سال کی کم ترین سطح پر آچکی، اب پوری کوشش ہے کہ ہم معاشی ترقی کی جانب بڑھیں۔
انہوں نے نے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکج لے کر آئیں تاکہ کرپشن اور خراب مال کی تقسیم نہ ہو، آج ہمارے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، یہ صورتحال ماضی میں غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے جب دہشت گردوں کو چھوڑا گیا، ان فاش غلطیوں کی وجہ سے سیکڑوں جوان شہید، سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، ان کی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بھی گزشتہ روز زرعی ٹیکس کا نفاذ ہو گیا، آئی ایم ایف کی یہ شرط پوری کرنے پر چاروں صوبوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔