صدر مملکت آصف علی زرداری چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 4 سے 8 فروری تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری چین دورے کےدوران بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی چیانگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔
دورے کے دوران معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں، انسدادِ دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون اور خطے میں امن و استحکام جیسے امور پر تفصیلی گفتگو ہو گی۔
دونوں ممالک عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے امور پر بھی بات کریں گے۔ صدر زرداری چینی حکومت کی خصوصی دعوت پر ہاربن میں ہونے والے نویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی۔ سدا بہار اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔