بھارتی وکٹ کیپر بیٹر ریدھیمان ساہا نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ریدھیمان ساہا نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے خصوصی بیان میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
اپنے بیان میں سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں نے 1997 میں پہلی بار کرکٹ کے میدان میں قدم رکھا جسے اب 28 سال ہوچکے ہیں اور یہ سفر شاندار رہا جبکہ اپنے ملک، ریاست، ضلع، کلب، یونیورسٹی، کالج اور اسکول کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں ایک نیا باب شروع کروں اور اپنے آپ کو اپنے خاندان اور دوستوں کے لیے وقف کروں۔
ساہا نے اپنا آخری میچ رنجی ٹرافی کے دوران بنگال کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کے خلاف کھیلا۔
40 سالہ ریدھیمان ساہا نے اپنے کیریئر کے دوران 40 ٹیسٹ اور 9 ایک روزہ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بنگال اور تریپورا کی جانب سے 142 فرسٹ کلاس اور 116 لسٹ اے میچز کھیلے۔