فرسٹ ایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ جی بی فٹبال چیمپئن شپ 2025ء کا شاندار تقریب کے ساتھ اختتام ہوگیا، گلگت غازی کی ٹیم نے غذر کو فائنل میں شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونیوالی ایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ جی بی فٹبال چیمپئن شپ 2025ء کی شاندار اختتامی تقریب گلگت لالک جان اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔
یہ ایونٹ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا فٹبال ٹورنامنٹ تھا، جس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے شرکت کرنے والی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ میچز دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
انٹرڈسٹرکٹ جی بی فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں گلگت غازی کی ٹیم نے غذر کو 1-2 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے فاتح ٹیم سمیت دیگر فائنلسٹ ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔
تقریب میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار حسین مرزا سمیت مختلف حکومتی، سماجی اور عسکری شخصیات نے شرکت کی جبکہ عوام کی بڑی تعداد بھی اس یادگار لمحے کا حصہ بنی۔
شائقین فٹبال نے گلگت بلتستان میں کھیل کے فروغ کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی معاونت سے اس ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوا، جس سے مقامی ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملا اور نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق مزید بڑھا۔
شرکاء نے گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ایسے مزید مقابلوں کے انعقاد پر زور دیا۔
یہ ٹورنامنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اگر ایسے پلیٹ فارمز فراہم کئے جائیں تو مقامی کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔