انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران خطرناک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کراچی میں بڑی کارروائی کے دوران خطرناک دہشتگرد قاسم رشید عرف بلال گنجے کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ ، پستول اور باردوی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ملزم نے قاسم کیپری اور اسحاق بوبی کے ذریعے معروف قوال امجد صابری کو قتل کرایا۔
ملزم نے رینجرز کے 4 جوان ، 2 آرمی اہلکاروں سمیت 4 مذہبی فرقے سے وابستہ افراد کو بھی قتل کرایا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم ایم پی اے رضا حیدر اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں جیل میں قید تھا جو حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا اور دوبارہ دہشتگردی کا نیٹ ورک فعال کررہا تھا۔