پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستان کرکٹ ٹیم میں اندرونی اختلافات موجود ہیں۔
پی سی بی سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کچھ میڈیا میں پھیلائی جانے والی ان افواہوں کے ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پرزور انداز میں اس بات کا یقین دلایا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں مکمل ہم آہنگی ہے اور ایسے کوئی بھی شواہد موجود نہیں ہیں جن سے ٹیم میں اختلافات کے ان بے بنیاد دعووں کو تقویت ملے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس طرح کی جھوٹی خبروں پر سخت مایوسی ظاہر کی ہے اور زور دیا ہے کہ اس طرح کے الزامات پھیلانے سے قبل یہ یاد رکھنا ضروری ہوتا ہے کہ صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔
قبل ازیں افغانستان کے خلاف میچ کے بعد بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ شکست سے ٹیم کو دکھ ہوا، ہمارا ٹوٹل اچھا تھا لیکن باؤلنگ میں ہم اچھا نہیں کرسکے کیونکہ ہمارے سپنرز مڈل اوورز میں وکٹیں نہیں لے پائے۔ ورلڈ کپ میں اگر آپ کسی ایک شعبے میں بھی کمزور ہیں تو میچ میں واپسی ممکن نہیں ہو سکتی۔