قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے ارکان پارلیمان کی تنخواہ و مراعات بڑھانے کی منظوری دے دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں فنانس کمیٹی نے ارکان پارلیمان کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکرٹری کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد فنانس کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم شہبازشریف کو بھجوا دی گئی ہیں۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے ) اور سینیٹر کی ماہانہ تنخواہ و مراعات 5 لاکھ 19 ہزار مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے67 اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے بھی تنخواہوں میں اضافے کا تحریری مطالبہ کیا گیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور دیگر جماعتیں بھی تنخواہ و مراعات بڑھانے کیلئے ہم آواز ہیں۔
تمام کٹوتیوں کے بعد وفاقی سیکرٹری کی تںخواہ اور الاؤنسز 5 لاکھ 19 ہزار ماہانہ ہیں اور سفارشات میں کہا گیا کہ اراکین پارلیمنٹ کو سہولیات بھی وفاقی سیکرٹری کے مساوی دی جائیں۔
اراکین پارلیمنٹ نے ایم این اے اور سینیٹر کی تنخواہ 10 لاکھ ماہانہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اسپیکر ایاز صادق نے اراکین پارلیمنٹ کا یہ مطالبہ مسترد کردیا تھا۔