وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کا کنٹری پارٹنرشپ پروگرام پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، ورلڈ بینک پاکستان کو مختلف اوقات میں سپورٹ کرتا رہا ہے اور کنٹری پارٹنرشپ پروگرام پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
لازمی پڑھیں۔ عالمی بینک کا پاکستان کیلئے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک جاری
یاد رہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک جاری کر دیا ہے اور نائب صدر ورلڈ بینک برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر نے باضابطہ اجرا کرتے ہوئے کہا کہ کنٹری پارنٹرشپ فریم ورک کے اہداف حاصل کرنے کیلئے مسلسل سخت محنت کرنا ہوگی۔
تقریب سے خطاب وزیر اعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک نے مختلف شعبوں میں پاکستان کی مدد کی ہے اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پروگرام 10 سال کیلئے ہے جس کے تحت ورلڈ بینک پاکستان میں 20 ارب ڈالر خرچ کرے گا اور یہ رقم ماحولیاتی تبدیلی ، زراعت کے فروغ اور آئی ٹی کے شعبوں پر خرچ ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج جو اصلاحات ہو رہی ہیں وہ دہائیوں پہلے ہونی چاہیے تھیں، کرپشن خاتمے سے فنڈز تعلیم ، صحت اور دوسرے شعبوں کو میسر ہوں گے، ہم ورلڈبینک کے صدر کے مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شراکت داری فریم ورک میں 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کا ڈیجیٹائزنگ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فیس لیس سسٹم کراچی پورٹ اور کسٹمز حکام کیلئے بنایا گیا، فیس لیس سسٹم ٹریلینز روپوں کے ریونیو کا باعث بنے گا۔