موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں ملکی برآمدات میں 11 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی تا ستمبر غذائی اجناس کی برآمدات تقریباً 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
حکومتی دستاویز کے مطابق موجودہ مالی سال پہلی ششماہی میں ملکی برآمدات میں 11.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ایک ارب 65 کروڑ ڈالر اضافے سے 16 ارب 63 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر غذائی اجناس کی برآمدات تقریباً 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ٹیکسٹائل برآمدات 9.67 فیصد اضافے سے 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔
دستاویز کے مطابق چاول، مچھلی، چینی، تمباکو، سبزیوں اور گوشت سمیت 13.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 6 ماہ میں ایک ارب 87 کروڑ ڈالر سے زیادہ کے چاول ایکسپورٹ کئے گئے، 34 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی چینی، 13 کروڑ ڈالر سے زائد کی سبزیاں برآمد کی گئیں، اس دوران 24 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کا گوشت اور اس کی مصنوعات بھی ایکسپورٹ ہوئیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پھل، دالوں، مصالحہ جات اور آئل سیڈز کی برآمدات میں کمی آئی، پاکستان سے 6 ماہ میں 80 کروڑ ڈالر کے کیمیکلز اور فارم مصنوعات برآمد ہوئیں، ادویات کی برآمدات میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کا حجم 23 کروڑ 65 لاکھ ڈالر رہا۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم کی برآمدات میں 138 فیصد اضافہ ہوا اور اس کا حجم 27 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہا جبکہ لیدر مصنوعات کی برآمدات 6.88 فیصد اضافے سے 30 کروڑ 38 لاکھ ڈالر رہیں۔