پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو مسلسل دوسرا منفی کاروباری سیشن دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1600 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 13 ہزار 443 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پی ایس ایکس میں بدھ کو کاروباری سیشن کے پہلے نصف میں اتار چڑھاؤ رہا تاہم اس کے باوجود کے ایس ای 100 انڈیکس گزشتہ روز کے مقابلے میں تقریباً 200 پوائنٹس اضافے کے ساتھ انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 15 ہزار 256.16 پوائنٹس تک جاپہنچا۔
رپورٹ کے مطابق دوپہر کے اوقات میں فروخت کا زبردست دباؤ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں انڈیکس انٹرا ڈے کی کم ترین سطح ایک لاکھ 13 ہزار 359.38 پوائنٹس تک گرگیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,598.82 پوائنٹس یا 1.39 فیصد کی کمی سے ایک لاکھ 13 ہزار 443.43 پر بند ہوا۔
رپورٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں بدھ کو مجموعی طور پر 24 ارب 67 کروڑ 19 لاکھ 9 ہزار 708 روپے کے 35 کروڑ 83 لاکھ 54 ہزار 842 شیئرز کا کاروبار ہوا۔
اس سے قبل آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، کھاد، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔ حبکو، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی، او جی ڈی سی، ایم اے آر آئی، پی پی ایل، اینگرو، ایم ای بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل کے حصص میں مندی کا رجحان رہا۔
انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نئی امریکی انتظامیہ سے متعلق سیاسی اور مارکیٹ کے خدشات سرمایہ کاروں کے جذبات کو متاثر کرنے والے اہم عوامل ہیں۔
بروکریج ہاؤس نے کہا کہ جب تک نئے مثبت محرکات سامنے نہیں آتے تب تک مارکیٹ محدود رہ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 800 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 15 ہزار 42.25 پر بند ہوا تھا۔