فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (یو این آر ڈبلیو اے ) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 3 دنوں میں ایندھن ختم ہو جائے گا جس سے امدادی کارروائیوں میں خلل پڑے گا۔
یواین آرڈبلیواے کے جنرل کمشنرفلپ لازارینی نے کہاکہ بدھ تک علاقے کا ایندھن ختم ہو جائے گا جس سے انکلیو پر جاری اسرائیلی فضائی حملوں اور زمینی حملے کے بڑھتے خطرے کےباعث مزید امداد پیچیدہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن ختم ہو نے کے باعث امدادی کارروائیاں رکنے سے غزہ کے لوگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے۔
-انہوں نے فریقین سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر غزہ میں ایندھن سپلائی کی اجازت دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انسانی ہمدردی کی کارروائیوں میں کسی قسم کا خلل نہ ہو
دوسری جانب امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کی ہے جس میں حماس کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کواپنے دفاع کا حق دینے پر زور دیا گیا ہے۔
قبل ازیں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے انتقامی حملوں کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے غیرقانونی راکٹ حملوں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے جس میں بڑے پیمانے پر عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، جنگی جرائم کے طور پر ان کی تحقیقات ہونی چاہیں۔