بھارتی کپتان اور سٹار بیٹر روہت شرما نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق ویسٹ انڈین بیٹر برائن لارا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ روہت شرما ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
اتوار کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ میں 46 رنز کی اننگز کھیل کر روہت شرما نے یہ کارنامہ انجام دیا، روہت شرما نے اب تک 256 میچز میں 10423 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 31 شاندار سنچریاں اور 53 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ برائن لارا نے 299 میچز میں 10405 رنز بنا رکھے تھے، ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سابق بھارتی بیٹر سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 463 میچز کھیل کر 18426 رنز بنائے۔
دوسری جانب سٹار بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ میں نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور صرف5 رنز کے فرق سے سچن ٹنڈولکر کی زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے سے محروم رہ گئے، وہ 95 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد میٹ ہنری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔
کوہلی ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ تو برابر نہ کر سکے البتہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، انہوں نے سابق سری لنکن بیٹر سنتھ جے سوریا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ کر یہ کارنامہ سر انجام دیا۔
قبل ازیں دوسری جانب بھارتی اوپننگ بیٹر شبمان گل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 2 ہزار رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں 26 رنز بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
شبمان گل نے کیریئر کی محض 38 اننگز میں 2 ہزار رنز مکمل کر کے سابق جنوبی افریقن بیٹر ہاشم آملہ کا عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا، شبمان گل نے اب تک 6 سنچریاں اور دس نصف سنچریاں بنائی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ ہاشم آملہ نے 40 اننگز جبکہ پاکستان کے ظہیر عباس، بابراعظم، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور جنوبی افریقہ کے وانڈرڈوسن نے 45، 45 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔