دو مرتبہ کے اولمپک میڈلسٹ اور بھارتی جیولین تھروور نیرج چوپڑا شادی کے بندھن میں بندھ گئے، ان کی دلہنیا بھی کا تعلق بھی کھیلوں کی دنیا سے ہے۔
بھارت کے ’گولڈن بوائے‘ اور ’جیولین سپر اسٹار‘ کے نام سے مشہور ایتھلیٹ نیرج چوپڑا خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
نیرج چوپڑا نے 19 جنوری 2025ء کو انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی شادی کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کردہ تصاویر میں نیرج چوپڑا خوبصورت شیروانی میں باوقار لگ رہے تھے، جس کے ساتھ انہوں نے اپنی دلہن سے میچنگ کرتے ہوئے پنک کلر کی پگڑی باندھی اور دوشالہ لیا۔
نیرج کی دلہنیا ہیمانی مور نے کڑھائی والا گلابی رنگ کا خوبصورت لہنگا زیب تن کیا اور کندن کے زیورات نے ان کی سج دھج کو کئی گنا بڑھا دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک تصویر میں شادی کی رسومات کے دوران نیرج کی والدہ انہیں آشیرواد دیتی نظر آرہی ہیں جبکہ دیگر تصاویر میں نیرج اور ہیمانی کو شادی کی رسومات ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اپنے انسٹاگرام اور ایکس ہینڈلز پر نیرج نے شادی کا اعلان ایک دلکش کیپشن کے ساتھ کیا اور ایک نوٹ کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔
نیرج نے کیپشن میں لکھا کہ ’’زندگی کے نئے سفر کی شروعات اپنے خاندان کے ساتھ کی، ہر اس نعمت کیلئے شکر گزار ہوں جس نے ہمیں اس لمحے تک اکٹھا پہنچایا، محبت کے بندھن میں بندھے ہوئے، خوشی کے ساتھ'۔
نیرج چوپڑا کی بیوی ہیمانی مور کون ہیں؟
نیرج چوپڑا کی طرح ہیمانی مور کا بھی تعلق کھیلوں کی دنیا سے ہے، وہ ایک سابق ٹینس کھلاڑی ہیں اور ان کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہیں۔
ہیمانی نے ساؤتھ ایسٹرن لوزیانا یونیورسٹی سے اسپورٹس مینجمنٹ میں ڈگری اور فرینکلن پیئرس یونیورسٹی سے اسپورٹس اینڈ فٹنس ایڈمنسٹریشن میں ایم بی اے کیا ہے، ساتھ ہی ہیمانی نے بزنس ڈیولپمنٹ ایگزیکٹو کے طور پر بھی کام کیا ہے اور فی الحال ایمہرسٹ کالج، امریکا میں گریجویٹ اسسٹنٹ ہیں۔
پیرس اولمپکس میں نیرج نے 89.45 میٹر کی تھرو کی تھی جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا۔