مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ مذاکرات میں ملکی مفاد کو سامنے رکھنے کی ہدایت کردی۔
اتوار کے روز جاتی امراء لاہور میں مسلم لیگ ( ن ) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی جبکہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
جاتی امرا میں 2 گھنٹے کی اہم ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اور سیاسی معاملات پر نواز شریف سے گائیڈ لائن لی اور مشاورت کی۔
حکومتی بڑوں کی بیٹھک میں پی ٹی آئی کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل اور تحریک انصاف کے تحریری مطالبات بھی زیر غور آئے۔
نواز شریف نے مذاکرات میں ملکی مفاد کو سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئے ہم سب کو اکٹھا ہو کر چلنا ہوگا اور عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرنا ہے تاکہ وہ سکھ کا سانس لے سکیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے بتایا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور حالات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔
نواز شریف نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔