سیکورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کےعلاقے سمبازا میں میں 18 اور 19 جنوری کی درمیانی شب پاک افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلایا،جس کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہرقسم کی دراندازی روکنے کےلیے پرعزم ہیں، پاکستان افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضہ کرتا چلا آیا ہے۔ عبوری افغان حکومت پاکستان کیخلاف خوارج کی دہشتگردی کیلئےاپنی سرزمین کا استعمال روکے، توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، اور خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کے لیے اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں قیام امن اور خوارج کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ قومی قیادت نے الگ الگ پیغامات میں کہا ارض پاک کو امن کا گہوارہ بنانے کے مشن میں پوری قوم اپنے جانباز بیٹوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 27 دہشتگرد مارے گئے تھی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کچھی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشتگردوں کو واصل جہنم کردیا۔
اس سے قبل وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 22 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی خیبر میں 14 دسمبر سے اب تک مختلف آپریشنز میں 22خوارج ہلاک جبکہ 18زخمی ہوئے۔