وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے روڈز کی تعمیر و مرمت مالی سال کے آخر تک مکمل کرنےکی ہدایت کر دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ پنجاب بھر میں جاری روڈز اور ہیلتھ کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کاجائزہ لیا گیا ۔ صوبائی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشر ف نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام کے تحت 462 پراجیکٹس کی منظوری ہوئی تھی جن میں سے 455 پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ فیز ٹوکے تحت 72 اسکیموں کی منظوری دی گئی جن میں سے 67 پر کام جاری ہے۔
سیکرٹری مواصلات نے بتایا کہ پنجا ب بھر کے ایک ہزار 236 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر وبحالی کا 75 فیصد کام مکمل ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز 23 جون تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے تعمیر وبحالی کی بروقت تکمیل کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں رابطہ سڑکو ں کی بحالی اور تعمیر و مرمت سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے ۔ کھیت تا منڈی سڑک کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی ۔ نئے ہیلتھ کلینک بننے سے دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔