جامعہ اشرفیہ کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی کے کردار پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جہاں عوام کو اسلام کے نام پر دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی۔
جامعہ اشرفیہ نے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام کے نام پر کھیل کھیلنا اور کرپشن کی پردہ پوشی کے لیے اسلامی اقدار کا استعمال نہایت افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ دنیاوی مفادات کے لیے مذہب کو استعمال کرنا نہ صرف اسلامی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی ہے بلکہ ایک سنگین گناہ بھی ہے۔ اسلامی تعلیمات کی یونیورسٹی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینا اور دین کو مفادات کے لیے استعمال کرنا دھوکہ دہی اور گھناؤنے عمل کے زمرے میں آتا ہے۔ دھوکہ دہی اور فریب کا یہ عمل اسلامی اقدار اور اصولوں کی توہین ہے، جس کے لیے کوئی عذر قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ قرآن میں بھی اللہ نے فرمایا ہے کہ جھوٹ اور دھوکہ دینے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔