پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو دن کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 1435 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 15 ہزار 272 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے آخری دن کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک لاکھ 15 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔
جمعہ کو کاروبار کے دوران پی ایس ایکس میں 1020 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار 856 پوائنٹس پر پہنچ گیا تاہم اختتام پر تیزی 1435 پوائنٹس تک پہنچ گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 272 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ چند روز کے دوران پی ایس ایکس میں مندی چھائی ہوئی تھی، جس کے باعث انڈیکس کئی نفسیاتی حدیں بحال نہ رکھ سکا اور ہنڈریڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس سے نیچے آگیا تھا۔
پی ایس ایکس میں جمعہ کو مجموعی طور پر 23 ارب 12 کروڑ 28 لاکھ 55 ہزار 680 روپے کے 21 کروڑ 22 لاکھ 58 ہزار 376 شیئرز کا لین دین ہوا۔