بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کردی، کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کیش دت برقرار ہے، قلات میں منفی 4، کوئٹہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ،چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
شہر قائد میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں اس وقت موسم سرد ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری تک جانے کا امکان، ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔