کراچی کے بجلی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں بڑی کمی کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 98 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کردی۔ درخواست نومبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے۔
کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں چار روپے98 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی۔ نیپرا اعداد و شمار کا جائزہ لے کر بعد میں فیصلہ جاری کرے گی۔
نیپرا کی جانب سے درخواست کی منظوری کی صورت میں کراچی والوں کو 7 ارب 17 کروڑ 90 لاکھ روپے ری فنڈ ہوں گے، کے الیکٹرک نے صارفین کو اضافی وصولیاں واپس کرنے کی درخواست کی ہے۔ کیس افسر نیپرا کے مطابق اس کمی کا اطلاق فروری کے بلوں میں کر دیا جائے گا۔
ایک صارف نے کراچی میں انڈسٹری کیلئے بدترین لوڈ شیڈنگ کی شکایت کی ۔ ممبر نیپرا رفیق احمد شیخ نے کہا کے الیکٹرک والے بدترین لوڈشیڈنگ کی وضاحت دیں ۔ کے ای حکام نے جواب دیا لوڈشیڈنگ کا شیڈول ہم نے جاری کیا ہوا ہے ۔ کراچی میں صنعتوں کیلئے اس وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ۔
رفیق احمد شیخ نے کہا نیپرا حکام کراچی میں لوڈشیڈنگ خود چیک کریں گے ۔ ہم نے لوڈشیڈنگ کرنے والی ڈسکوز پر جرمانے عائد کئے ۔ اگر ڈسکوز اب بھی لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں تو روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ لگانے پر مجبور ہو جائیں گے۔
دوسری جانب کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعے کو طلب کرلیا گیا۔ اجلاس میں بجلی کے شعبے میں ٹیرف کی سالانہ ری بیسنگ کی منظوری کا امکان ہے۔