ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے کہا ہے کہ صنعتکار بلاخوف و خطر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔
ڈی جی رینجرز نے نوری آباد ایگزیکٹو کلب آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور کلب کے ممبران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میجر جنرل اظہر وقاص کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے ، نوری آباد اور دیگر انڈسٹریل ایریاز میں سیکیورٹی کومزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، صنعتکار بلاخوف و خطر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔
ڈی جی رینجرز نے علاقہ سیکٹر کمانڈر کو بزنس کمیونٹی کے سیکیورٹی سے متعلق درپیش مسائل کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔