سماء نیوز کے پروگرام ’’ ندیم ملک لائیو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہناتھا کہ190ملین پاؤنڈ ملک ریاض کے خاندان کے درمیان معاملے کے نتیجے میں آیا، 190ملین پاؤنڈ کبھی پاکستان کا پیسہ نہیں تھا۔
پاکستان تحریک انصاف جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہاہے کہ معلوم نہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کیوں نہیں سنایاگیا، 190ملین پاؤنڈ ملک ریاض کے خاندان کے درمیان معاملے کے نتیجے میں آیا، یہ کہنا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیسہ ملک ریاض کے حوالے کیا یہ غلط ہے، 190ملین پاؤنڈ کبھی پاکستان کا پیسہ نہیں تھا۔
ان کا کہناتھا کہ برطانیہ میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ یہ پیسہ پاکستان کے ٹیکس پیئر کا ہے،ملک ریاض کے خاندان کی ہدایت پر 190ملین پاؤنڈ پاکستان آئے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ برطانوی حکام نے کہا تھا 190 ملین پاؤنڈ کا معاملہ خفیہ ہونا چاہیے، وفاقی کابینہ کے سامنے آیا تھاکہ حکومت اس معاہدے کی تشہیر نہ کرے، بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کو اس پیسے سے ایک روپے کا فائدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مذاکرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16جنوری کو حکومت کے پاس تحریری مطالبات لے کر جائیں گے، 9مئی اور 26 نومبر واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کریں گے، جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہ مانا گیا تو تیسری نشست آخری ہو گی۔
ان کا کہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کامطالبہ کریں گے،ان کی ضمانت ہونی چاہیے، ہمارےتمام اسیروں کی بھی ضمانت ہونی چاہیے، ہم کوئی این آر او اور ایگزیکٹو آرڈر نہیں مانگ رہے۔
طلال چوہدری
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہناتھا کہ القادر ٹرسٹ کو اسلامک ٹچ دیا گیا، پی ٹی آئی والے ہر چیز کو اسلامک ٹچ دیتے ہیں، القادر ٹرسٹ کی زمین ملک ریاض کی ہے، مذاکرات اور 190 ملین پاؤنڈ کیس سے کوئی ڈیل اورڈھیل نہیں جُڑی ہوئی۔
ان کا کہناتھا کہ سعودی عرب،چین اور ترکی ان کےرویوں سے ناراض تھے، بانی پی ٹی آئی اندر ہےپتہ نہیں یواےای کے صدر کو یہ یاد بھی ہے یا نہیں، پی ٹی آئی کا ڈیل اورڈھیل کاخیال ہے،ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
عون عباس بپی
پی ٹی آئی رہنما عون عباس بپی کا کہناتھا کہ 17جنوری کو بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی موجود بھی ہوئے تو شک ہے فیصلہ نہیں سنایا جائے گا، انہوں نے سزا سنانی ہے جو پیچھے سے لکھی ہوئی آئے گی، حکومت کو انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ محسوس ہو رہا ہے، کوئی یہ دباؤ نہیں ڈالتا کہ رہا کر دیں،وہ کہتے ہیں جوآپ کر رہے ہیں وہ غلط ہے،
عون عباس بپی نے کہا کہ یواےای کے صدر نے کہا ہے جو غلط مقدمات بنائے جا رہےہیں وہ روکیں، حکومت کو اندازہ ہو رہا ہے کہ ہواؤں کا رُخ بدل رہاہے، مریم نواز فارم 47 پر الیکشن جیت کرآئیں ہیں، بات چیت کیلئےریاست کواعتماد سازی کرنا ہوگی۔