روشن ڈیجیٹل اکاونٹ (آر ڈی اے) میں دسمبر 2024 کے اختتام تک سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 9.342 ارب ڈالر جمع کرائے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2024 کے دوران آر ڈی اے میں 203 ملین ڈالر کی وصولیاں ہوئیں جبکہ نومبر 2024 کے دوران 186 ملین ڈالر وصول ہوئے تھے۔ اس طرح نومبر کے مقابلے میں دسمبر 2024 کے دوران آر ڈی اے میں 17 ملین ڈالر زائد جمع کروائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2020 سے دسمبر 2024 کے دوران آر ڈی اے میں مجموعی طور پر 9.342 ارب ڈالر کی وصولیاں ہوئیں جبکہ اس دوران 1.7 ارب ڈالر واپس بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں اور 5.911 ارب ڈالر کا مقامی استعمال کیا گیا ہے۔
ایس بی پی کے مطابق دسمبر 2024 کے اختتام تک آر ڈی اے ڈیجیٹل اکائونٹس کی تعداد 7 لاکھ 78 ہزار 713 تک پہنچ گئی جبکہ نومبر 2024 کے خاتمہ پر یہ تعداد 7 لاکھ 68 ہزار 394 ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس طرح نومبر کے مقابلہ میں دسمبر 2024 کے دوران آر ڈی اے ڈیجیٹل اکائونٹس کی تعداد میں 10 ہزار 319 اکائونٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔