بنگلا دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا شرائط بہت آسان کردی ہیں۔
ہفتے کے روز بنگلا دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور وہاں منعقدہ تقریب سے خطاب بھی کیا۔
اپنے خطاب کے دوران بنگلا دیشی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش حکومت نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا شرائط بہت آسان کردی ہیں اور اب پاکستان کے شہری آن لائن بنگلا دیش کا ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔
اقبال حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کو معاشی واقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کیلئے لاہور چیمبر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی تہذیب اور ثقافت کسی تعارف کی محتاج نہیں، بنگلادیش کے عوام پاکستانی عوام سے محبت کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔