پاکستان کے مایہ ناز سنوکر کے کھلاڑی محمد آصف نے ایک مرتبہ پھر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے ’ سارک سنوکر ‘ چیمپئن شپ جیت لی ہے جس پر وزیراعظم سمیت کئی اہم شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیاہے ۔
تفصیلات کےمطابق محمد آصف نے سارک سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں سری لنکن حریف کو 0-5 سے شکست دیتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف
محمد آصف کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہبازشریف نے بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہناتھا کہ محمد آصف نے اسنوکر کی ایک اہم چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب نے محمد آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ویلڈن محمد آصف! آصف آپ سنوکر کے کھیل میں اپنا مقام رکھتے ہیں، آپکی کامیابی نے ایک بار پھر پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ٹائٹل فراہم کیا ہے‘۔
ملک فیصل ایوب نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ کے بعد کامیابیوں کا تسلسل خوش آئند ہے ، پاکستان میں تمام کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، محکمہ سپورٹس پنجاب تمام کھیلوں اور کھلاڑیوں کے لئے ہرممکن اقدمات کرتا رہے گا۔