وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی ہدایت پرموٹرویز پر سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موٹر بائیک سروس کے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ۔مواصلات اور انجکاری عبدالعلیم خان نے موٹرویز پر پٹرولنگ بڑھانے اور سکیورٹی سخت کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پر بیک وقت 30 سے 35 موٹربائیکس کو مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرتے رہنا چاہیے۔ پہلے مرحلے میں موٹروے پولیس اپنے وسائل سے بائیک سروس شروع کرے، بعد میں اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایچ اے، موٹروے پولیس، ایف ڈبلیو او اور ضلعی پولیس مشترکہ اقدامات یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے کے گرد حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے موٹروے پولیس کے اختیارات کے لیے قانون سازی میں ترمیم کی تجویز بھی دی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے موٹروے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی۔ ایسا میکنزم اختیار کریں کہ موٹروے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔ موٹروے پر جہاں جرائم اور باڑ چوری کے واقعات زیادہ ہیں اُن کی نشاندہی کریں۔ جس علاقے میں باڑ چوری ہوگی وہاں کا این ایچ اے آفیسر اور موٹروے پولیس ذمہ دار ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں حفاظتی باڑ ٹوٹ گئی یا چوری ہوگئی ہے وہاں نئی باڑ کا بندوبست کیا جائے۔ آئی جی موٹروے مقامی پولیس کے ہمراہ باڑ چوری کے کیسوں کی مکمل پیروی یقینی بنائیں۔وفاقی وزیر نے سیکرٹری مواصلات کو ایک ہفتے میں مربوط اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔