چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل آسٹریلیا کو کپتان پیٹ کمنز کی انجری کے باعث بڑا دھچکا لگ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی چیف سلیکٹر جارج بیلی نے انکشاف کیا ہے کہ بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پانچویں ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم انکا اسکین کروایا گیا تھا۔
پیٹ کمنز اور ان کی اہلیہ دنیا میں دوسرے بچے کو خوش آمدید کہنے کے لیے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے تھے۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی انجری کے باعث ان کی چیمپئینز ٹرافی کے اسکواڈ میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ادھر سلیکٹر جارج بیلی نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ پیٹ کمنز پیرنٹل چھٹیوں پر ہیں تاہم انہوں نے حتمی طور پر نہیں بتایا کہ کمنز چیمپئینز ٹرافی کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔
چیف سلیکٹر کے مطابق پیٹ کمنز کے تخنے میں تھوڑا سا زخم ہے اس لیے مجھے لگتا ہے کہ اگلے ہفتے یا اس کے بعد اس کا اسکین ہوگا اور ہمیں اس کے بارے میں معلومات مل سکیں گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں کمنز سمیت کئی اسٹار کھلاڑی موجود نہیں۔
جوش ہیزل ووڈ
تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ کو بھارت سیریز کے دوران پنڈلی کی انجری کے بعد چیمپئنز ٹرافی پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے۔
صائم ایوب
جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد چھ ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہونے والے پاکستان کے ہونہار نوجوان اوپنر بلے باز صائم ایوب علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں۔ ان کا پہلا چیک اپ ہو چکا ہے اور آج اس کی رپورٹ آنی ہے۔
صائم ایوب اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچ گئے ہیں، جہاں گزشتہ روز کنسلٹنٹ ٹراما اینڈ آرتھوپیڈک پاؤں اور ٹخنوں کے سرجن جیاسیلان نے انکا چیک اپ کیا تھا۔
جسپریت بمراہ
بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اب بھی کمر کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کی تھی۔
بائیں ہاتھ کے کلائی اسپنر کلدیپ یادیو کمر کی انجری کے بعد مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔
سومیا سرکار
سومیا سرکار انگلی کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ان کی چیمپئنز ٹرافی میں شمولیت کے حوالے سے بنگلادیشی ٹیم پرُامید ہے۔






















