لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے سماء ڈیجیٹل کے پروگرام ’ زور کا جوڑ ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمسائے ملک کی آئی پی ایل کی خاصیت ان کا بالی ووڈ ہے ، اسی طرح پی ایس ایل کی خاصیت اس کا نوجوان ٹیلنٹ ہے ، چاہے وہ شاہین شاہ آفریدی ہوں ،حارث یا فخر ہو، یہ سارے پی ایس ایل کی وجہ سے ہی لائم لائٹ میں آئے ۔
ڈیوڈ وانر کو لاہور قلندرز کیلئے حاصل کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عاطف رانا کا کہناتھا کہ ٹیم میں بڑے ناموں کی ضرورت اس وقت ہوتی ہے جب آپ کی لیگ مضبوط نہیں ہوتی ، لاہور قلندرز ، سمیت تمام ٹیمیں برانڈ بن چکی ہیں، کرکٹ سے مجھے بہت زیادہ لگاو ہے ۔ہمارے اپنے کرکٹرز بڑے سٹارز ہیں، فخر زمان، بابراعظم یہ سب سٹارز ہیں، اگر ہماری برینڈ کی ضرورت ہو گی ، تو چاہے پھر کرس گیل ، اے بی ڈویلیئرز ہو ، لاہور نے ہمیشہ بڑے نام کو ویلکم کیاہے ۔
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ جہاں آپ کام کرتے ہیں وہاں سب کی رائے مختلف ہوتی ہے ، لیکن ہم نے مل کر آگے بڑھناہوتا ہے ۔ ہم نے سلمان نصیر کو جب بھی کوئی تجویز دی ہے تو انہوں نے ویلکم کیاہے ۔سب سے اہم چیز فین فالونگ ہے ، فینز کا تجربہ بڑھانے کیلئے سٹیڈیمز کو بہتر کرنے کا چیئرمین کا قدم بہت شاندار ہے ۔ سٹیڈیمز کی اپ گریڈ کرنا بہت ضروری تھا، 25 ہزار قذافی سٹیڈیم کی کپیسٹی تھی، پانچ لاکھ لوگ ڈسٹرب ہوتے تھے ، پہلے لوگ مجھ سے اس بات پر لڑائی کرتے تھے کہ آپ میچ جیتتے نہیں ہو، اب وہ پچھلے چار سیزن اس بات پر لڑتے ہیں کہ ہمیں ٹکٹ نہیں مل رہی ، سلمان نے بھی مجھے کہا کہ ہم سے لوگ صرف قلندرز کی ٹکٹ مانگتے ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ پی سی بی کی پالیسی کی وجہ سے بڑے نام پی ایس ایل میں دکھائی دے رہے ہیں، ہم گیارہ مہینے محنت کرتے ہیں، ٹیلنٹ ہنٹ اور ڈویلپمنٹ پروگرامز کرتے ہیں، پھر پی ایس ایل ایونٹ ہوتاہے جس میں ہم اپنے ٹیلنٹ کو دکھاتے ہیں، ہماری فیملی بن چکی ہے ۔ جو فیصلہ کرتی ہے کہ ٹیم کو کس کھلاڑی کی ضرورت ہے ۔ایسے نام ہیں کہ سمجھ نہیں آ رہی کہ کسے چھوڑا جائے اور کسے لیا جائے ۔