وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ٹیکس ہدف اوروصولی میں400ارب روپےکا گیپ ہے، وزیرخزانہ کو 400 ارب کی وصولی کا ہدف دے دیا۔
کراچی میں فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اس پالیسی کو جزا اور سزا کے تحت نافذ کریں گے، کہا ہر سال قوم کے چار ہزار ارب روپے مختلف ٹیکس کی مد میں کھائے جارہے ہیں، 4 ہزار میں سے400ارب وصول کرنا بڑامسئلہ نہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت کم کرنی ہے، سستی بجلی کیلئے تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے پر تیار ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیکس سسٹم کے تحت بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آسکتی، آنے والے وقت میں ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے گی، ٹیکس سلیب کم کرنے سے چوری بھی کم ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے ساتھ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 10 فیصد طے کی تھی، شرح سود 13 فیصد پر آچکی ہے، مہنگائی 38 فیصد سے 4.1 فیصد پر آچکی، آئی ٹی ایکسپورٹس میں 34 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے " اُڑان پاکستان " پروگرام شروع کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کرنی ہے، سندھ حکومت کو وفاق سے ڈسکوز لینے کی پیشکش کی ہے، دیگر صوبوں کو بھی پیشکش کریں گے، ڈسکوز کو صوبوں کے حوالے کرنے کیلئے بیٹھیں گے۔