پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ میں ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے بعد کافی بیمار رہا تھا اور فٹ نہیں تھا جس کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن پایا لیکن فوکس چیمپئنز ٹرافی ہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو نے کہا کہ اب میں مکمل فٹ ہو چکا ہوں اور پاکستان کے اگلے انٹرنیشنل ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گا، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دورے اس لیے نہیں کیے کیونکہ خود کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے مکمل فٹ کرنا تھا۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ہمیشہ میرے ذہن میں تھی، اس ٹورنامنٹ سے ہی میرے کیرئیر کا زبردست آغاز ہوا تھا اور اگلے ایونٹ کے لیے میں پُرجوش ہوں۔
صائم ایوب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اُمید اور دعا ہے کہ صائم ایوب جلد مکمل فٹ ہوجائیں، وہ ایک بہت زبردست کرکٹر ہیں، اگر صائم چار پانچ سال کھیلتا رہا تو دنیا میں ٹاپ پلیئر ہوگا، صائم ، بابر اور رضوان کی موجودگی میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ ٹیم میں ہوں۔
فخر زمان نے یہ بھی کہا کہ میری ترجیح ہمیشہ اوپن کرنا ہوتی ہے مگر ٹیم کی ضرورت کے مطابق پوزیشن بدل سکتی ہے، میرے لیے ہمیشہ ٹیم اہم ہے جہاں ٹیم کو ضرورت ہے وہاں بیٹنگ کروں گا۔