نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مارٹن گپٹل نے چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’ کرک انفو ‘ کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے مایہ ناز کھلاڑی مارٹن گپٹل نے باضابطہ طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ایک دہائی پر محیط ان کا انٹرنیشنل کیرئیر اختتام پذیر ہوگیا۔
مارٹن گپٹل دنیا بھر میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ جاری رکھیں گے۔
38 سالہ گپٹل نے آخری بار اکتوبر 2022 میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی۔
لازمی پڑھیں۔ مارٹن گپٹل پی ایس ایل 10 کھیلنے کے لئے تیار
نیوزی لینڈ کرکٹ کی طرف سے جاری ایک جذباتی بیان میں مارٹن گپٹل نے اپنے سفر پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ’ نیوزی لینڈ کے لیے کھیلنا میرا ہمیشہ سے خواب تھا اور میں اپنے ملک کے لیے 367 گیمز کھیلنے پر ناقابل یقین حد تک خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں ‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے تمام ساتھیوں اور کوچنگ اسٹاف کا بہت بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں خاص طور پر مارک او ڈونل، جنہوں نے انڈر 19 کی سطح سے میری کوچنگ کی ہے۔
گپٹل نے 2009 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے 47 ٹیسٹ، 198 ون ڈے انٹرنیشنل اور 122 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں کیویز ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔
خیال رہے کہ مارٹن گپٹل رواں سال 2025 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے پہلے کرکٹر ہیں۔