خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 19 خوارج ہلاک جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج مارے گئے۔
دوسرا آپریشن ضلع مہمند کے علاقے بائزئی میں کیا گیا جہاں 8 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیسرا آپریشن ضلع کرک میں ہوا جہاں 3 خوارج مارے گئے تاہم، خوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 سکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔
شہداء میں ضلع غذر کے 38 سالہ لانس حوالدار عباس علی، ضلع اسکردو کے 37 سالہ نائیک محمد نذیر اور اٹک کے 37 سالہ نائیک محمد عثمان شامل ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ علاقوں میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔