اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان سے ملاقات کے دن مذاکراتی کمیٹی کا کوئی بھی رکن ملاقات کے لئے جیل نہ پہنچ سکا۔
پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل وکلا کی جانب سے گزشتہ روز جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے درخواست دی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ ملاقات کھلے ماحول میں کرائی جائے۔
تاہم آج ملاقات کا وقت ختم ہونے تک کمیٹی کے کسی رکن نے جیل حکام سے رابطہ نہیں کیا۔
مقررہ وقت کے دوران صرف بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان، نورین خان اور کزن قاسم خان نے ملاقات کی۔
اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ملاقات میں زیر سماعت مقدمات، بانی پی ٹی آئی کی صحت اور خاندانی معاملات پر گفتگو کی گئی۔