بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر تسکین احمد نے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کا بہترین باؤلنگ کا 4 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
تسکین احمد نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ( بی پی ایل ) کے ایک میچ میں 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا جبکہ قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
View this post on Instagram
بی پی ایل میں راج شاہی کی نمائندگی کرتے ہوئے تسکین احمد نے اپنے پہلے دو اوورز میں کیپٹل کے دونوں اوپنرز لٹن داس اور تنزید حسن کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد کپتان انعام الحق کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
تسکین 17 ویں اوور میں اپنے دوسرے اسپیل کے لیے واپس آئے جس نے انہوں نے مزید 2 وکٹیں حاصل کیں جن میں کیپٹل کے ٹاپ اسکورر شہادت حسین کی وکٹ بھی شامل تھی۔
میچ میں بہترین باؤلنگ کے نتیجے میں تسکین احمد نے محمد عامر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے لیگ کی تاریخ میں بہترین باؤلنگ کا اعزاز حاصل کیا، سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر نے 2020 کے ایڈیشن میں کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سلہٹ رائلز کے خلاف 17 رنز کے عوض 6 شکار کیے تھے۔
علاوہ ازیں تسکین ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں تیسرے بہترین باؤلر بن گئے ہیں جنہوں نے 19 رنز کے عوض 7 وکٹیں شکار کیے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ ملائیشیا کے کھلاڑی سیازرول ادروس کے پاس ہے جنہوں نے گزشتہ سال چین کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں صرف 8 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نیدرلینڈز کے کولن ایکرمین 18 رنز کے عوض 7 شکار کرکے اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔