وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اب ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں اس لئے اب ملک میں صرف ایک لانگ مارچ ہونا چاہیے اور وہ اقتصادی لانگ مارچ ہے۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم قومی سطح پر پیداواری صلاحیتوں پر کام شروع کر رہے ہیں اور ہمیں معیشت میں دولت پیدا کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کچھی کینال کو دوبارہ بحال کیا ہے جبکہ زرعی اداروں کو ری ویمپ کرنے کیلئے ایک ہزار ماہرین کو چین بھیجنے کا فیصلہ کیا اور سائنس اور لیبارٹری کے اداروں پر اربوں روپے لگائے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) ، مشین لرننگ اور دیگر سسٹمز پر بھی کام ہو رہا ہے ، ہم اس وقت ایک اسٹیبلائزیشن پروگرام میں ہیں ، ہر شعبے میں ہماری پرو ڈکٹیویٹی کم ہے ، ہم نےانٹرنیٹ کی رفتار تیز کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فائبر آپٹک کیبل بڑھانے پر کام کر رہی ہے اور نوجوانوں کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی ، لائیواسٹاک اور بریڈنگ پر توجہ دیں توغربت میں کمی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں برآمدات بڑھانے کیلئے سہولیات دینا ہوں گی ، ہماری بڑی کمپنیاں یہاں زیادہ کما رہی ہیں ، انہیں باہر جانے کی کیا ضرورت ہے؟ ، ہمارا پاور سیکٹر زیادہ ڈیجیٹائز ہوچکا ہے ، ٹیچرز کی دوبارہ تربیت پر بھی کام کیا جا رہا ہے ، 2025 وژن کے تحت جو سسٹم قائم کیے اس سے اسٹارپ اپس شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جن ممالک نے ترقی کی ان میں سیاسی استحکام شامل ہے ، وژن 2025 شروع کیا تو 2018 کے بھونچال نے اسے ختم کر دیا لیکن اب ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں اور اب ملک میں صرف ایک لانگ مارچ ہونا چاہیے جو اقتصادی لانگ مارچ ہے۔