اسپنر ساجد خان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں واپسی کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف سائیڈ میچ اور ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے مشاورت مکمل کرلی گئی۔ ویسٹ انڈیز کی 6 جنوری کو اسلام آباد آمد شیڈولڈ ہے۔
ساجد خان کو ساوتھ افریقہ کی کنڈیشنز کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں منتخب نہیں کیا گیا تھا تاہم ساجد خان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ایک فاسٹ بولر کی جگہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس آ ئیں گے۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی انگلینڈ سیریز کی طرز پر پچز بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ویسٹ انڈیز ٹیم 10 سے 12 جنوری تک پاکستان شاہینز کے خلاف پنڈی اسٹیڈیم میں میچ کھیلے گی۔
پاکستان ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز ملتان میں ہوں گے، پہلا ٹیسٹ 17 جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 جنوری سے شروع ہوگا۔