2024 اپنے پیچھے کئی تلخ اور شیریں یادیں چھوڑے جارہاہے لیکن یہ سال دنیا بھر میں صحافیوں کیلئے کافی مہلک رہا ، دنیا بھر میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی بازی ہارنے والے صحافیوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں :
2024 صحافیوں کیلئے مشکل ترین سال رہا، مشرق وسطیٰ اور عرب دنیا میں اپنی فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے 66 صحافی جان کی بازی ہار گئے جن میں 55 فلسطینی صحافی شامل ہیں، یہ عالمی سطح پر جاں بحق ہونے والے صحافیوں کا 63 فیصد ہے ۔
ان میں خاص طور پر غزہ میں جنگ کی کوریج کرنے والے صحافی شامل ہیں، جہاں 2023 سے جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد 130 تک پہنچ گئی ہے ۔
عراق ، شام اور لبنان میں کام کرنے والے صحافی بھی موت کا شکار ہوئے ، تین صحافیوں کو عراق اور ایک کو شام میں قتل کیا گیا ۔
ایشیا پیسفک خطے میں 2024 کے دوران 20 صحافی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ،جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک بڑی تعداد ہے ۔
میانمار میں جاری فوجی کریک ڈاون کے دوران کوریج کرتے ہوئے تین صحافی جان کی بازی ہار گئے ۔
افریقہ میں 2024 کے دوران 8 صحافی مارے گئے ، ان میں سوڈان میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، جہاں میڈیا کے 5 پیشہ ور افراد ہلاک ہوئے
یہ صورتحال صومالیہ اور چاڈ میں رہی تاہم لاطینی امریکہ میں رواں سال صحافیوں کی اموات میں کمی دیکھی گئی اور چھ صحافی جاں بحق ہوئے جبکہ 2022 میں یہاں 30 ہلاکتیں ہوئیں تھیں۔
2024 کے دوران 5 میکسیکن صحافی مارے گئے ، وہاں پر کارٹلز اور منشیات کیخلاف رپورٹ کرنے والے صحافیوں کو بے دردی کے ساتھ خاموش کر دیا جاتاہے ۔
یورپ میں 2024 کے دوران 4 صحافی مارے گئے ،یہ تعداد حالیہ برسوں میں یوکرین میں جاری جنگ کے باوجود نسبتا کم رہی ، یورپ صحافیوں کیلئے محفوظ ترین خطہ ہے ۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت تک دنیا بھر میں 520 صحافی قید ہیں ۔یہ تعداد گزشتہ برستوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے ۔