سال 2024 اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور رواں برس کرکٹ کی دنیا کے بہت سے ناموں کو اپنے کیرئیر میں نئی بلندیوں کو چھوتے دیکھا گیا جبکہ کچھ کرکٹرز نے اہم ریکارڈز اپنے نام کیے اور کچھ نے اپنی ذاتی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔
اس آرٹیکل میں ہم ان معروف 8 کرکٹرز کا ذکر کریں گے جنہوں نے 2024 میں اپنی نئی زندگی کی شروعات کی اور رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
شعیب ملک
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے بعد 19 جنوری 2024 کو پاکستانی ٹی وی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ ایک نجی تقریب میں شادی کی جس نے میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی۔
اولی سٹون
انگلینڈ کے کھلاڑی اولی سٹون نے 12 اکتوبر 2024 کو جیسیکا نامی اپنی منگیتر سے شادی کی جبکہ انہیں اپنی شادی کے لئے دورہ پاکستان پر موجود انگلش ٹیم کو چھوڑ کر واپس اپنے گھر جانا پڑا اور شادی کے فوری بعد انہوں نے واپس آ کر ٹیم کو دوبارہ جوائن بھی کیا۔
راشد خان
افغانستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آلراؤنڈر راشد خان نے 3 اکتوبر 2024 کو شادی کی جبکہ انکے ساتھ ان کے بھائی عامر خلیل، زکی اللہ اور رضا خان کی شادیاں بھی ہوئیں۔
ڈیوڈ ملر
جنوبی افریقہ کے جارحانہ بیٹر ڈیوڈ ملر نے 10 مارچ 2024 کو کیپ ٹاؤن میں سجی تقریب میں اپنی برسوں پرانی گرل فرینڈ کیملا ہیرس سے شادی کی جبکہ انکی شادی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انکشاف کیا تھا کہ ’’ ملر نے بنگلا دیش پریمئر لیگ ( بی پی ایل ) کی وجہ سے اپنی شادی کی تاریخ آگے بڑھائی ‘‘۔
ملر کی شاندار کارکردگی کے باعث انکی ٹیم فارچیون باریشال بی پی ایل پہلی بار ٹرافی جیتنے میں بھی کامیاب رہی تھی۔
وینکٹیش آئیر
سال 2024 ہندوستانی کرکٹر وینکٹیش آئیر کے لیے بے پناہ خوشیوں کا سال رہا ، سب سے پہلے آل راؤنڈر نے آئی پی ایل 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنی کارکردگی سے بہت زیادہ توجہ حاصل کی اور ان کی ٹیم ایونٹ کی ٹرافی جیتنے میں بھی کامیاب رہی ۔
2 جون 2024 کو انہوں نے ’ اپنی محبت ‘ شروتی رگوناتھن سے نجی تقریب میں شادی کی۔
پاکستانی خواتین کرکٹرز
عالیہ ریاض
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ریاض نے 12 اپریل 2024 کو علی یونس سے شادی کی جو پیشے کے لحاظ سے سابق بینکر اور اب کرکٹ کمنٹیٹر ہیں جبکہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کے چھوٹے بھائی بھی ہیں۔
جویریہ خان
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان 5 فروری 2024 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جبکہ جویریہ اور وقاص کی شادی کی پروقار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں انکے عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔
جویریہ نے 228 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کی اور وہ اپنی شادی کے ایک ماہ بعد مارچ 2024 میں ریٹائر ہوگئیں۔
سدرہ امین
رواں برس بطور انٹرنیشنل کرکٹر آخری شادی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ایک اور کھلاڑی سدرہ امین کی ہوئی اور وہ 28 دسمبر کو عادل مسعود کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جبکہ انکی شادی کی تقریب لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں منعقد کی گئی تھی۔