پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت کی سیاست موٹروے سے شروع ہو کر میٹرو پر ختم ہو جاتی ہے۔
ہفتے کے روز پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کرنے کے لئے رتو ڈیرو پہنچے جہاں انہوں نے اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بھی خصوصی گفتگو کی۔
اپنی گفتگو میں چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کے مسائل دور کریں ، عوام معاشی اور امن وامان کی صورتحال پر پریشان ہیں اور سیاستدانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، کوشش رہی ہے کہ وسائل جتنے بھی ہوں زیادہ محنت کر کے مسائل حل کرتے ہیں۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہوں وفاق کا رویہ ایسا ہی رہتا ہے، ہم نے حکومت سازی میں معاہدے کے تحت ان کے وزیراعظم کو ووٹ دیا تھا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے پاس یکطرفہ فیصلوں کیلئے 2 تہائی اکثریت نہیں ہے اور اگر یک طرفہ فیصلے کیے تو عملدرآمد مشکل ہوگا، کامیابی سے حکومت کرنی ہے تو فیصلے اتفاق رائے سے کرنا ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی سیاست موٹروے سے شروع ہو کر میٹرو پر ختم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب سے پاکستان کے اندرونی معاملات پر بیانات آ رہے ہیں جن پر پاکستان تحریک انصاف کو وضاحت دینا پڑے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کون سی مچھلیاں ہیں جو صرف پاکستان کی کیبل کھاتی ہیں، انٹرنیٹ سپیڈ کو سست نہیں تیز کرنا تھا۔