ملک میں تیل وگیس کے ذخائرمیں جون کے دوران سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی پی آئی ایس اورعارف حبیب ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق جون 2023 میں ملک میں خام تیل کے مجموعی ذخائر کاحجم 193 ملین بیرل ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 17 فیصدکم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال جون میں خام تیل کے مجموعی ذخائر کا حجم 233 ملین بیرل ریکارڈ کیاگیاتھا۔ اسی طرح گیس کے ذخائرمیں جون کے دوران سالانہ بنیادوں پر6 فیصدکی کمی ہوئی ہے، جون میں ملک میں گیس کے ذخائرکاحجم 18339 بلین مکعب فٹ ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جون میں 19513 بلین مکعب فٹ تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جون میں او جی ڈی سی ایل کے خام تیل کے مجموعی ذخائر کاحجم 90 ملین بیرل اورگیس کے ذخائر کا حجم6269 بلین مکعب فٹ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال جون میں او جی ڈی سی ایل کے خام تیل کے مجموعی ذخائر کا حجم 89 ملین بیرل اورگیس کے ذخائر کا حجم 6551بلین مکعب فٹ ریکارڈ کیاگیا تھا۔
پاکستان پیٹرولئیم لیمیٹڈ کے خام تیل کے ذخائرکاحجم جون میں 27 ملین بیرل اورگیس کے ذخائر کا حجم 2525 بلین مکعب فٹ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال جون میں پی پی ایل کے خام تیل کے ذخائرکاحجم 31 ملین بیرل اورگیس کے ذخائر کاحجم 2618 بلین مکعب فٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جون میں پی اوایل کے خام تیل کے ذخائرکاحجم 13 ملین بیرل اورگیس کے ذخائرکاحجم 183 بلین مکعب فٹ ریکارڈکیاگیا، ماڑی گیس کے خام تیل کے ذخائرکاحجم 5 ملین بیرل اورگیس کے ذخائرکاحجم 4361 بلین مکعب فٹ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ جون میں ماڑی گیس کے خام تیل کے ذخائر کا حجم 22 ملین بیرل اور گیس کے ذخائر کاحجم 4918 بلین مکعب فٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔