خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک میجر نے جام شہادت نوش کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کےعلاقے جانی خیل میں آپریشن کے دوران 2 خوارج کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی گئی جہاں 5 خوارج کو ٹھکانے لگایا گیا اور جھڑپ کے دوران 8 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 سالہ شہید میجر محمد اویس کا تعلق پنجاب کے ضلع نارووال سے ہے۔
تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا جہاں6 خوارج جہنم واصل ہوئے اور اس آپریشن کے دوران بھی 8 خوارج زخمی ہوئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ متعلقہ علاقوں میں مزید خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں اور افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کامیاب کاروائیوں پر انکی بہادری کو سراہا اور جام شہادت نوش کرنے پر میجر محمد اویس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے میجر محمد اویس شہید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی اور ان کے اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔
وزیر اعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونیوالے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہید میجر اویس کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہید میجر محمد اویس کو سلام پیش کرتی ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ کا خراج عقیدت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر محمد اویس کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی اور قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کیلئے امر ہوگیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر داخلہ نے 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔