وفاقی حکومت کی مدارس رجسٹریشن سےمتعلق صدارتی آرڈیننس لانےکی تجویز سامنے آئی ہے،اتفاق رائے پرصدرمملکت مدارس کی رجسٹریشن سےمتعلق آرڈیننس جاری کریں گے۔
ذرائع کےمطابق آرڈیننس جاری کرنےکی رائے وزیراعظم شہباز شریف کی صدرمملکت آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں میں سامنے آئی۔مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق آرڈیننس کے جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی حامی ہیں۔
نئے آرڈیننس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم اور سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ کے تحت مدارس کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی رائے ہےکہ جو جس فورم سے رجوع کرنا چاہے کر سکے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کو مدارس رجسٹریشن بل کو قانون بنانے کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔