یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران ۔۔ بابائے قوم محمد علی جناح کا 148 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پُروقار تقریب کچھ ہوئی، بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر شہر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح کا 148واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر شہر تقریبات کا انعقاد ہوگا۔
مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پُروقار تقریب بھی منعقد کی گئی، مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے مزار پر پھول رکھے، بابائے قوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی گئی۔
بابائے قوم کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے، قائد اعظم کے افکار پر عمل ترقی کا صاف و شفاف راستہ ہے، قائداعظم کے رہنما اصول آج بھی قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتا، ہم نے یہ وطن بڑی قربانی دے کر حاصل کیا گیا ہے، پاکستان کو قائم رکھنے کیلئے مزید قربانیاں دینا ہوں گی۔
پونجا جناح کا اصل وطن راجکوٹ تھا مگر چمڑے کا کاروبار کرنیوالے اِس تاجر کو روزگار کراچی کھینچ لایا، کون جانتا تھا کہ 25 دسمبر 1876ء کو تاجر کے گھر پیدا ہونے والا محمد علی جناح دنیا کا نقشہ ہی بدل دے گا۔
صدر اور وزیراعظم کا خراج عقیدت
بانی پاکستان غیرمعمولی بصیرت، غیرمتزلزل ہمت اور عزم بے مثال، صدر مملکت اور وزیراعظم نے 148 ویں یوم پیدائش پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا، ان کے وژن، عزم اور استقلال سے ہی مسلمانانِ برصغیر کیلئے آزاد وطن کا قیام ممکن ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی جدوجہد کا سفر یقین کی طاقت کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے، پاکستان کیلئے ان کا وژن شمولیت، اتحاد اور خوشحالی کا تھا۔