وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا ہے کہ نظریہ الحاق پاکستان کی تکمیل تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔
منگل کو اسلام آباد میں کشمیر کمیٹی اجلاس کے بعد کمیٹی چیئرمین رانا قاسم نون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آزاد جموں و کشمیر میں تمام حقوق کے ساتھ مکمل آزادی ہے۔
انوار الحق کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں امتناع احتجاج و اجتماع آرڈیننس جاری ہوا جس سے عوام نے اختلاف کیا اور پاکستانی کشمیر میں عوام نے جو مسئلہ اٹھایا حکومت نے اسے حل کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیرکا فرق پوری دنیا پر واضح ہو جاتا ہے، مملکت پاکستان کا استحکام تحریک تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے۔
اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون کا کہنا تھا کہ بھارت نے جب بھی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ، منہ کی کھائی ہے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کمیٹی کی ٹھوس تجاویز کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں دس لاکھ قابض فوج اور بنیادی حقوق سلب ہیں۔