چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کمیٹی کا اعلان خوش آئند بات ہے لیکن مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہییں ۔
بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا حل نکل آئے گا۔ دونوں کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں مذاکرات آگےضرور بڑھیں گے ۔ اسپیکرقومی اسمبلی کا مثبت کردار بھی اطمینان بخش بات ہے ۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللّٰہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں۔ راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان، سردارخالدمگسی اور چوہدری سالک حسین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
وزیرِ اعظم نے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ کہا پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔